امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ بات چیت پاکستان کے ذریعے پیغامات کے تبادلے کی صورت میں جاری ہے، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار

امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ بات چیت پاکستان کے ذریعے پیغامات کے تبادلے کی صورت میں جاری ہے، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بات چیت اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ بات چیت کا عمل پاکستان کے ذریعے جاری ہے۔ جمعرات کو سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنے ایک بیان میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعہ کے خاتمے کےلئے امن مذاکرات کے حوالے سے میڈیا میں غیر ضروری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، حقیقت میں امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ بات چیت پاکستان کے ذریعے پیغامات کے تبادلے کی صورت میں جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں امریکہ نے 15 نکات شیئر کئے ہیں جن پر ایران غور کر رہا ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ برادر ممالک ترکیہ اور مصر سمیت دیگر ممالک بھی اس اقدام کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے فروغ کےلئے پرعزم ہے اور خطے اور اس سے باہر استحکام کو یقینی بنانے کےلئے ہرممکن کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ مکالمہ اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔