وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ساختی اصلاحات پر عملدرآمد کر رہی ہے،صوبوں اور مقامی حکومتوں کے درمیان اختیارات کی منتقلی کیلئے اصلاحات کی ضرورت ہے۔
صوبوں اور مقامی حکومتوں کے درمیان اختیارات کی منتقلی کےلئے اصلاحات کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی

مزید خبریں
اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ساختی اصلاحات پر عملدرآمد کر رہی ہے،صوبوں اور مقامی حکومتوں کے درمیان اختیارات کی منتقلی کیلئے اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ڈی پی آئی اور یو این ڈی پی کے زیر اہتمام گورننس میں بہتری کے لئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس ٹیلنٹ، منصوبہ بندی اور اچھی پالیسیوں کی کمی نہیں مسائل عملدرآمد میں ہیں،پاکستان کو گورننس میں بہتری کی ضرورت ہے،پاکستان کو معاشی استحکام کو ٹیک آف کے لئے استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گورننس بہتر بنائے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ، مضبوط ادارے ہی ملک کو مضبوط بناتے ہیں،اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت اختیارات کی منتقلی کی گئی مگر یہ اختیارات صوبوں سے مقامی حکومتوں کو منتقل نہیں ہوئے ،صوبوں نے ضلع کی سطح پر اختیارات کی منتقلی نہیں کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ مضبوط مقامی حکومتیں صوبوں کو مزید مضبوط بنائیں گی، بجٹ میں رقم مختص کرنے سے قبل حاصل فوائد پر غور کرنا چاہیے، مقامی حکومتیں عوام کو بہتر گورننس فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی،پاکستان کو بہتر گورننس کےلئے اصلاحات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور روزگار کیلئے مقامی حکومتیں بہتر کردار ادا کر سکتی ہیں،وزارت منصوبہ بندی کی کوشش ہے کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں کو شروع کریں جو پائیدار معاشی ترقی میں مدد دیں۔








