چیئرمین سینیٹ کا حکم، کفایت شعاری مہم کے تحت 26 کروڑ 50 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وزیرِ اعظم محمدشہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری مہم کے تحت سینیٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری اقدامات پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وزیرِ اعظم محمدشہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری مہم کے تحت سینیٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری اقدامات پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔سینیٹ سیکر ٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سیکرٹریٹ نے اپنے اخراجات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فوری اقدام کے طور پر 26 کروڑ 50 لاکھ روپے وزارتِ خزانہ کے حوالے کر دیے ہیں تاکہ یہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جا سکے،مزید برآں آئندہ ہفتوں میں غیر ضروری اخراجات میں کمی کے ذریعے مزید بچت کی نشاندہی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں تاکہ اضافی رقوم بھی قومی خزانے میں جمع کرائی جا سکیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ اہم آئینی ادارہ ہونے کے ناطے موجودہ معاشی حالات میں مالی نظم و ضبط کی اہمیت کو بخوبی سمجھتا اور ملکی معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے سینیٹ سیکرٹریٹ کے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ کفایت شعاری سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے جن میں غیر ضروری اخراجات میں کمی، آپریشنل اخراجات کو کم کرنا اور دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال شامل ہے، اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ پارلیمانی امور، قانون سازی کی ذمہ داریاں اور پارلیمانی نگرانی کا نظام مکمل طور پر مؤثر انداز میں جاری رہے۔

چیئرمین سینیٹ نے حکومت کے معاشی اقدامات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ذمہ دارانہ مالی نظم و نسق اور ادارہ جاتی سطح پر مشترکہ کوششیں قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ سیکرٹریٹ شفاف اور جوابدہی پر مبنی مالیاتی طریقہ کار کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی وسائل کے تحفظ اور پارلیمانی امور کی مؤثر انجام دہی کو یقینی بناتا رہے گا۔