ملک بھر میں 7 روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم 13 اپریل سے شروع ہو گی، این ای او سی

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):ملک بھر میں 7 روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم 13 اپریل سے شروع ہو گی،جو 19 اپریل تک جاری رہے گی۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی)کے مطابق مہم کے دوران4کروڑ50لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم کے دوران بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم …

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):ملک بھر میں 7 روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم 13 اپریل سے شروع ہو گی،جو 19 اپریل تک جاری رہے گی۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی)کے مطابق مہم کے دوران4کروڑ50لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم کے دوران بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی ۔ اس مہم کی کامیابی کے لیے ملک بھر میں تقریباً 4 لاکھ 13 ہزار پولیو ورکرز اپنی خدمات انجام دیں گے۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد، سندھ میں ایک کروڑ 6 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد، بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد،اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد جبکہ آزاد کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔این ای او سی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے 2 قطرے ضرور پلوا ئیں ۔