قومی اسمبلی کا جاری اجلاس 10 اپریل تک جاری رہے گا، ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا فیصلہ

قومی اسمبلی کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں قومی اسمبلی کے رواں 26 ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں قومی اسمبلی کے رواں 26 ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کا موجودہ سیشن 10 اپریل 2026ء بروز جمعہ تک جاری رکھا جائے گا۔ اس دوران ایوان میں وقفہ سوالات، اہم قانون سازی اور قومی اہمیت کے حامل دیگر حساس مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا تاکہ پارلیمانی امور کی موثر انجام دہی کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان میں جاری کفایت شعاری مہم کے حوالے سے اہم پیشرفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے تحت قومی اسمبلی کی 75 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گرائونڈ کر دیا گیا ہے جبکہ خود سپیکر نے بھی اپنی تمام پروٹوکول گاڑیاں واپس کر دی ہیں۔ مزید برآں انتظامی اخراجات میں کمی لانے کے لیے افرادی قوت کو محدود کر دیا گیا ہے اور اس وقت اسمبلی کے صرف 200 ملازمین دفاتر میں حاضر ہو کر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

اس اہم مشاورتی اجلاس میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،وفاقی وزیر خالد حسن مگسی اور شیخ آفتاب احمد ، اراکین قومی اسمبلی نزہت صادق، سیدہ شہلا رضا، شازیہ مری اور سید حفیظ الدین نے شرکت کی۔ اراکین نے ایوان کی کارروائی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔