وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ،تعلیمی بورڈ راولپنڈی کمپلیکس میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ،تعلیمی بورڈ راولپنڈی کمپلیکس میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم

راولپنڈی۔30مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات پر تعلیمی بورڈ راولپنڈی کمپلیکس میں ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح سوموار کیا گیا۔

یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے، جو امتحانی نگرانی اور انتظامی نظام میں ایک نئی مثال قائم کرے گا۔ترجمان تعلیمی بورڈ کے مطابق اس جدید مرکز کے قیام سے امتحانی نظام کو ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر، شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے گا۔ پوٹھوہار ریجن کے مرکزی شہر راولپنڈی میں اس سینٹر کا قیام جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جہاں سے متعلقہ افسران، امتحانی عملہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے رسائی آسان بنائی گئی ہے۔

اس مرکزی لوکیشن کی بدولت بروقت رابطہ، فوری فیصلے اور مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جدید نگرانی کے نظام سے لیس ہے، جہاں سے امتحانی مراکز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس سہولت کے ذریعے کسی بھی بے ضابطگی، نقل یا ہنگامی صورتحال کو فوری طور پر نوٹ کر کے بروقت کارروائی کی جا سکتی ہے، جس سے امتحانی نظام کی شفافیت اور ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔

مزید برآں یہ سینٹر مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور ہم آہنگی کا مرکزی پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے، جہاں سپروائزری عملہ، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک ہی مقام سے مربوط انداز میں کام کرتے ہیں، جس سے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ریئل ٹائم ڈیٹا فیڈز، مسلسل رپورٹنگ اور ڈیجیٹل ریکارڈ کے ذریعے امتحانی عمل کے ہر مرحلے کو محفوظ اور قابلِ جانچ بنایا گیا ہے، جس سے شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا اور عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔