ملک میں رجسٹرڈ ایڈز مریضوں کی تعداد 84 ہزار 421 ہے، وزارت صحت

وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ایڈز مریضوں کی تعداد 84 ہزار 421 ہے،عالمی ادارہ صحت کی رہنمائی اور عالمی ایجنسیوں کے تعاون سے اس کے تدارک کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔پ

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ایڈز مریضوں کی تعداد 84 ہزار 421 ہے،عالمی ادارہ صحت کی رہنمائی اور عالمی ایجنسیوں کے تعاون سے اس کے تدارک کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سولات کے دوران ایک سوال کے جواب میں نیلسن عظیم نے بتایا کہ ملک میں ایڈز کے مریضوں کی کل تعداد 84 ہزار 421 ہے،سب سے زیادہ کیسز پنجاب اور پھر سندھ میں ہے،ان صوبوں میں مانیٹرنگ کا فعال نظام ہے۔باربر سے شیو کرانے،دانتوں کے نکلوانے سمیت دیگر بھی وجوہات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن اور عالمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ زہرہ ودود فاطمی کے سوال کے جواب میں نیلسن عظیم نے بتایا کہ ایڈز کے حوالے سے آگاہی مہم چلا رہے ہیں،لیبز کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں 2001 طبی مراکز ہیں،یہاں پر کوڑا ٹھکانے لگانے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں،ایک پورٹل اور ویب سائٹ بھی بنائی گئی ہے جہاں شکایات کا اندراج ہوتا ہے،اس پورٹل کی مانیٹرنگ کے لئے 24 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن بھی کرتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 80 فیصد ہسپتالوں کو ویسٹ کا اپنا نظام مربوط نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔