وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ویون وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل تبدیلی، سپیکٹرم نیلامی کی کامیابی اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پیر کو وزارت خزانہ میں ویون کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت گروپ سی ای او ویون کان ترزیوغلو کر رہے تھے۔

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پیر کو وزارت خزانہ میں ویون کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت گروپ سی ای او ویون کان ترزیوغلو کر رہے تھے۔ وفد میں سی ای او جاز عامر ابراہیم اور چیف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری آفیسر جاز سید ظہیر مہدی بھی شامل تھے۔ملاقات کے آغاز میں وزیر خزانہ نے ترزیوغلو کا خیر مقدم کیا اور ان کے دورہ پاکستان کو سراہا۔ ترزیوغلو نے حالیہ ملٹی بینڈ سپیکٹرم نیلامی کی کامیاب تکمیل پر وزیر خزانہ اور حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کی اور ملک میں بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال کو سراہا۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ سپیکٹرم نیلامی شفاف اور مشاورتی عمل کے ذریعے منعقد کی گئی جس میں قیمتوں اور ایک پائیدار ٹیلی کام نظام کے قیام کے درمیان توازن برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے اس نتیجے کو تمام فریقین کے لیے بہتر قرار دیا جس سے بالخصوص پاکستان کے عوام کو بہتر کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اس کامیاب نیلامی کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے اور پاکستان ٹیلی کام کے عالمی مباحث میں نمایاں حیثیت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت کے شفافیت، پالیسی تسلسل اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا۔ملاقات میں پاکستان کے وسیع تر معاشی منظرنامے، جاری اصلاحات اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر خزانہ نے وفد کو مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل فنانس سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے، غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے اور معاشی استحکام کو مضبوط بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ترزیوغلو نے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر حکومتی اقدامات کو سراہا اور پاکستان میں ویون کی موجودگی کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ویون روایتی ٹیلی کام خدمات سے آگے بڑھ کر پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔سی ای او جاز عامر ابراہیم نے حکومت کے ڈیجیٹل ایجنڈے میں کمپنی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالی شمولیت کے شعبوں میں جاز کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جاز کیش کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی اور کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگیوں جیسے اقدامات کا ذکر کیا جو حکومتی اداروں کے تعاون سے ممکن ہوئے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام میں جاز اور ویون کی خدمات کو سراہتے ہوئے کیش لیس معیشت کے فروغ میں ان کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے جدت، مالی شمولیت اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے لیے ان کی مسلسل معاونت کو سراہا۔دونوں فریقین نے پاکستان کی معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے اہداف کے حصول کے لیے ٹیلی کام اور ڈیجیٹل شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔