ترکیہ کی جامعات کے ایک وفد نے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو کی قیادت میں ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کا دورہ کیا تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے
ترکیہ کی جامعات کے وفد کا پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کی قیادت میں ہایئر ایجوکیشن کمیشن کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):ترکیہ کی جامعات کے ایک وفد نے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو کی قیادت میں ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کا دورہ کیا تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ وفد میں توکات غازی عثمان پاشا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فاتح یلماز، ادیامان یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر مہمت کیلیش، فرات یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فہرتین گوکتاش اور بایبورت یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر متلو ترکمن کے علاوہ ترک سفارتخانے کے حکام شامل تھے۔ وفد نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور دیگر حکام سے ملاقات کی اور تعلیمی و تحقیقی روابط کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹلائزیشن جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جبکہ طب، زراعت، طبیعیات، بائیوٹیکنالوجی، ادویہ سازی، سماجی علوم اور زبانوں (بشمول اردو اور ترکی) میں مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے تبادلہ پروگرامز، مشترکہ تحقیق و اختراعی منصوبوں، کانفرنسز، سمر ایکسچینج پروگرامز، مخصوص شعبوں میں وزٹنگ سکالر پروگرامز، مشترکہ اور ڈوئل ڈگری پروگرامز اور مختلف مضامین میں آن لائن تعلیمی ماڈیولز کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی۔ مزید برآں، دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل ایک مشترکہ پینل قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی جو قدرتی، حیاتیاتی اور سماجی علوم، سٹریٹجک سٹڈیز، دفاعی تحقیق اور بدلتی ہوئی عالمی صورتحال سے متعلق پالیسی پیپرز پر مل کر کام کر سکے۔ چیئرمین ایچ ای سی اور ترک سفیر نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ متعلقہ شعبوں میں ماہرین کی ایک فہرست مرتب کی جائے گی جنہیں وزٹنگ فیکلٹی کے طور پر مقرر کیا جا سکے گا تاکہ وہ آن لائن اور بالمشافہ کورسز پڑھانے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ چیئرمین ایچ ای سی نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔








