راولپنڈی میں ایل پی جی کی قیمتیں ریکارڈ حدوں کو چھو گئیں، سرکاری نرخ 304 روپے کے برعکس فی کلو گیس 550 روپے تک فروخت ہونے لگی جبکہ 11.8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر تقریباً 6500 روپے سے تجاوز کر گیا، شہریوں نے اسے کھلا استحصال قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کر دیا۔
راولپنڈی میں ایل پی جی کی قیمتیں ریکارڈ حدوں کو چھو گئیں

مزید خبریں
راولپنڈی ۔6اپریل (اے پی پی):راولپنڈی میں ایل پی جی کی قیمتیں ریکارڈ حدوں کو چھو گئیں، سرکاری نرخ 304 روپے کے برعکس فی کلو گیس 550 روپے تک فروخت ہونے لگی جبکہ 11.8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر تقریباً 6500 روپے سے تجاوز کر گیا، شہریوں نے اسے کھلا استحصال قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ایل پی جی کی فی کلو سرکاری قیمت 304 روپے مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 550 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے جس کے باعث شہری شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور گیس کی قلت کے باعث پہلے ہی سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور صارفین اب مہنگی ایل پی جی خریدنے پر بھی بے بسی کا اظہار کر رہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں، جن میں دھمیال کیمپ، موہڑہ چھپر، بنی سٹاپ، ڈھوک سیداں، غازی آباد اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں، دکانداروں کی جانب سے من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ فی کلوگرام ایل پی جی سرکاری قیمت سے تقریباً 250 روپے زائد میں فروخت ہو رہی ہے جو سراسر استحصال کے مترادف ہے۔ صارفین کے مطابق 11.8 کلوگرام کا گھریلو ساڑھے چھ ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ اس کی سرکاری قیمت تقریباً 3588 روپے بنتی ہے، یوں عوام کو دوگنا مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں، گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔








