وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی عرب میں الجبیل آئل فسیلٹی پر حملے کی شدید مذمت ،سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی عرب میں الجبیل آئل فسیلٹی پر حملے کی شدید مذمت ،سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےسعودی عرب میں الجبیل آئل فسیلٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے جاری حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور سعودی عرب میں الجبیل آئل فسیلٹی پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے جس طرح سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
وزیراعظم نے موجودہ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کی جانب سے تحمل اور دانشمندی کے مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مل کر امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کے لئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی ولی عہد کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لئے نیک تمناؤں اور پرتپاک سلام کا اظہار بھی کیا۔سعودی ولی عہد نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔








