پاکستان کے سکیورٹی اداروں کی موثر کارروائی، بھارتی سرپرستی میں جاسوسی میں ملوث 3افراد گرفتار

پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے موثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں جاسوسی میں ملوث تین افراد گرفتار کرلئے۔

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے موثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں جاسوسی میں ملوث تین افراد گرفتار کرلئے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے سکیورٹی ادارے، اندرونی و بیرونی خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے دن رات مصروف عمل ہے، پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے لئے جاسوسی میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کا تعلق نارووال ، بہاولپور اور ضلع نیلم آزاد کشمیر سے ہے۔ذرائع کے مطابق گرفتار افراد نے اعتراف کیا کہ انھیں مخصوص سوشل میڈیا ایپس پر خواتین اور رقم کا جھانسہ دیکر حساس معلومات تک رسائی حاصل کی گئی،ملزمان کو رقوم مقامی ڈیجیٹل بنک، کرپٹو والٹس اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی گئیں،گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے منسلک خواتین سے سوشیل میڈیا کے ذریعہ مسلسل رابطہ میں تھے،ملزمان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کے بعد سزائیں سنا دی گئیں۔دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو رقم کا جھانسہ اور ہنی ٹریپ جیسی سرگرمیوں کے ذریعے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کررہا ہے،اس سے قبل بھی بھارت کے حاضر سروس افسران کی جانب سے پاکستان میں جاسوسی اور حساس معلومات تک رسائی کے شواہد منظرِ عام پر آ چکے ہیں،عوام کو سوشل میڈیا کے استعمال میں دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیز کے حربوں سے محتاط رہنے کی اشد ضرورت ہے۔