حکومت کا ہدف رواں سال پولیو کیسز کو صفر تک لانا ہے، چئیرپرسن بی آئی ایس پی کا پیغام

چئیرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین دی جا رہی ہے،

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):چئیرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین دی جا رہی ہے،ملک بھر میں لاکھوں پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہے ہیں۔ پیر کوجاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کے دوران کروڑوں بچوں تک رسائی حاصل کی گئی، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، ایک بھی بچہ رہ گیا تو خطرہ باقی رہے گا،صحت مند پاکستان کے لیے پولیو فری معاشرہ ناگزیر ہے۔ سینٹر روبینہ خالد نے کہا کہ حکومت کا ہدف رواں سال پولیو کیسز کو صفر تک لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ ورکرز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، ان کی حفاظت اور سہولت یقینی بنائی جا رہی ہے،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پلیٹ فارم سے بھی لاکھوں مستحق خاندانوں میں آگاہی پھیلائی جا رہی ہے۔سینٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آئیں مل کر اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل اور پولیو فری پاکستان کے لیے کردار ادا کریں۔