وفاقی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) اور آزاد جموں و کشمیر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان ای-پاک ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم (ای پیڈز) کے نفاذ کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔
پیپرا اور آزاد کشمیر پیپرا کے درمیان ای پیڈز کے نفاذ کے لئے ایم او یو پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) اور آزاد جموں و کشمیر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان ای-پاک ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم (ای پیڈز) کے نفاذ کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔نئے مالی سال کے آغاز تک ای پیڈز کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔پیپرا کی جانب سے پیرکویہاں جاری بیان کے مطابق ایم او یو پر پیپرا کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹر ای پیڈز شیخ افضال رضا اور آزاد حکومت جموں و کشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری(جنرل) و منیجنگ ڈائریکٹر ظہیر الدین قریشی نے دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت ای پیڈز کو ’’ایک قوم، ایک نظام‘‘ کے اصول پر آزاد کشمیر میں نافذ کیا جائے گا جس سے علیحدہ ای پروکیورمنٹ سسٹم کی ضرورت ختم ہو گی اور عوامی وسائل کی بچت، شفافیت اور ادارہ جاتی خودمختاری کو یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی پیپرا اس نظام کو آزاد کشمیر کے قانونی ڈھانچے سے ہم آہنگ کرنے، سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی فراہمی، مستقبل کی ضروریات جیسے ای۔انوائسنگ اور بڈ سکیورٹیز کی خودکار نگرانی کے ماڈیولز شامل کرے گا اور ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کرنے میں معاونت کرے گا۔ آزاد کشمیر پیپرا پروکیورمنٹ ماہرین کی تربیت و تیاری، انفراسٹرکچر اور حفاظتی پروٹوکولز کی ذمہ داری نبھائے گا۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر وفاقی پیپرا حسنات احمد قریشی نے کہا کہ ملک بھر میں ای پیڈز کا نفاذ وزیرِاعظم کے معاشی اصلاحاتی پروگرام اور ’’ڈیجیٹل پاکستان وژن‘‘ کا حصہ ہے جس کا مقصد شفافیت، مسابقت اور احتساب کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی پیپرا آزاد کشمیر کے سرکاری اداروں اور سپلائرز کی تربیت میں مکمل تعاون فراہم کرے گا ۔ انہوں نے تاکید کی کہ ای پیڈز کے مرحلہ وار نفاذ کو یقینی بنایا جائے تاکہ آزاد جموں و کشمیر میں نئے مالی سال کے آغاز تک نظام کی ہموار اور موثر منتقلی ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔








