جدید دور میں تعلیم اور ٹیکنالوجی لازم و ملزوم ہو چکے ہیں، لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے لاکھوں طلبہ مستفید ہو چکے ہیں ے، انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیروگلگت بلتستان و سیفران اور صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جدید دور میں تعلیم اور ٹیکنالوجی لازم و ملزوم ہو چکے ہیں، حکومت طلبہ کو جدید سہولیات فراہم کرکے انہیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیروگلگت بلتستان و سیفران اور صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جدید دور میں تعلیم اور ٹیکنالوجی لازم و ملزوم ہو چکے ہیں، حکومت طلبہ کو جدید سہولیات فراہم کرکے انہیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے، وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے لاکھوں طلبہ مستفید ہو چکے ہیں جو ملک کی تعلیمی ترقی میں اہم سنگ میل ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ باچا خان میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خان عالم بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران 200 سے زائد طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خان عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ باچا خان میں طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے طلبہ کی تحقیقی اور تعلیمی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر امیر مقام اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خان عالم نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی ترقی کے لیے اجتماعی سوچ کو فروغ دینا ہوگا۔

پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے اور حالیہ علاقائی کشیدگی میں بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔ تقریب کے دوران جامعہ کی بہتری کے لیے متعدد اعلانات بھی کیے گئے جن میں مزید 300 طلبہ کو سکالرشپس دینے، طلبہ کی سہولت کے لیے 10 ہائبرڈ بسیں فراہم کرنے، یونیورسٹی کو بجلی کی علیحدہ لائن دینے اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے لیے نئی عمارت اور لیبارٹریز کے قیام کے اقدامات شامل ہیں۔