ملک بھر میں جاری 2026 کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم چوتھے روز میں داخل ہو گئی ، لاکھوں پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں
قومی انسدادِ پولیو مہم چوتھے روز میں داخل، لاکھوں ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں، این ای او سی
اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):ملک بھر میں جاری 2026 کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم چوتھے روز میں داخل ہو گئی ، لاکھوں پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ( این ای او سی)کے مطابق مہم میں 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں جو نہ صرف بچوں کو پولیو ویکسین فراہم کر رہے ہیں بلکہ انہیں وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق یہ مہم پاکستان کے ساتھ ساتھ افغانستان میں بھی بیک وقت جاری ہے تاکہ خطے سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔اعداد و شمار کے مطابق مہم کے ابتدائی تین روز کے دوران ملک بھر میں 3 کروڑ 95 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ پنجاب میں 2 کروڑ 9 لاکھ، سندھ میں 88 لاکھ 39 ہزار، خیبر پختونخوا میں 62 لاکھ 73 ہزار، بلوچستان میں 21 لاکھ 7 ہزار ،اسلام آباد میں تقریباً 4 لاکھ 8 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 75 ہزار اور آزاد جموں و کشمیر میں 6 لاکھ 89 ہزار بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی جا چکی ہے۔ این ای او سی کے مطابق یہ مہم 19 اپریل تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور بنا سکتا ہے تاہم بروقت ویکسینیشن اس سے مکمل تحفظ فراہم کرتی ہے۔حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔پولیو ٹیم سے رابطے کے لیے 1166 پر کال یا 0346-7776546 پر واٹس ایپ پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔









