بیرونی کھاتوں میں بہتری سے معیشت کے استحکام عکاسی ہورہی ہے،خرم شہزاد

وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ پاکستان کے بیرونی کھاتوں میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے، سال 2026 میں مسلسل تیسری بار ماہانہ سرپلس ریکارڈ کیا گیا جس سے معیشت کے استحکام کی عکاسی ہورہی ہے

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ پاکستان کے بیرونی کھاتوں میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے، سال 2026 میں مسلسل تیسری بار ماہانہ سرپلس ریکارڈ کیا گیا جس سے معیشت کے استحکام کی عکاسی ہورہی ہے۔ جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ جنوری میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 68 ملین ڈالر فاضل،فروری میں 231 ملین ڈالرفاضل اورمارچ میں 1.07 ارب ڈالر فاضل ریکارڈکیاگیا، مارچ 2026 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا 1.07 ارب ڈالر فاضل ہونا حالیہ برسوں کے مضبوط ترین ماہانہ نتائج میں شمار ہوتا ہے۔یہ پاکستان کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ماہانہ سرپلس ہے جو صرف مارچ 2025 کے 1.2 ارب ڈالر سرپلس سے کم ہے۔مالی سال 2026 کے پہلے 9ماہ میں کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ کا توازن 700 ملین ڈالر خسارے سے بہتر ہو کر 8 ملین ڈالر فاضل میں تبدیل ہو گیا ہے اورصرف مارچ کے مہینے کی کارکردگی نے پچھلے مہینوں کے مجموعی خسارے کو ختم کر دیا۔انہوں نے کہاکہ یہ مضبوط کارکردگی عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے دباؤ کے باوجود حاصل کی گئی ہے۔ خرم شہزادنے کہاکہ پاکستان کے بیرونی اکاونٹس میں مسلسل اضافے سے اس بات کی نشاندہی ہو رہی ہے کہ ملک کے ادائیگیوں کے نظام میں استحکام آ رہا ہے، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو زرمبادلہ کے ذخائر، روپے کی قدر اور مجموعی معاشی اعتماد میں مزید بہتری متوقع ہے