یورپ کو جیٹ فیول کی قلت کا خدشہ، پروازیں متاثر ہونے کا امکان،بین الاقوامی توانائی ایجنسی کا انتباہ

بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ سپلائی میں خلل برقرار رہنے کی صورت میں یورپ کے پاس صرف تقریباً چھ ہفتوں کا جیٹ فیول ذخیرہ باقی رہ سکتا ہے۔

ویانا۔17اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ سپلائی میں خلل برقرار رہنے کی صورت میں یورپ کے پاس صرف تقریباً چھ ہفتوں کا جیٹ فیول ذخیرہ باقی رہ سکتا ہے۔شنہوا کے مطابق ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فتیح بیرول نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی ترسیل متاثر ہونے کی وجہ سے جلد ہی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل، گیس اور دیگر اہم وسائل کی ترسیل میں رکاوٹ اس ممکنہ بحران کی بڑی وجہ ہے، جسے عالمی سطح پر اب تک کے سب سے بڑے توانائی بحرانوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔فتیح بیرول نے خبردار کیا کہ اس صورتحال کے عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے، اور اگر سپلائی میں رکاوٹ طویل عرصے تک جاری رہی تو اقتصادی ترقی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔