اوگراکا وفاقی حکومت کے ایندھن کی قیمتوں کو عوام کے لیے قابل برداشت سطح پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر عمل درآمد

اوگراکا وفاقی حکومت کے ایندھن کی قیمتوں کو عوام کے لیے قابل برداشت سطح پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر عمل درآمد

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے ایندھن کی قیمتوں کو عوام کے لیے قابل برداشت سطح پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے 34 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کو تقریباً 38 ارب روپے کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز (پی ڈی سی) کی ادائیگی کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے مطابق اوگرا نے وفاقی حکومت کے فیصلے کو ایک باقاعدہ طریقہ کار کے تحت نافذ کیا، جس کی حکومت سے منظوری بھی حاصل کی گئی ہے۔

اس طریقہ کار کا مقصد کلیمز کی جانچ پڑتال اور ادائیگی کے عمل میں شفافیت، مؤثریت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔ یہ فریم ورک ایک منظم جائزہ عمل فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے جائز اور اہل کلیمز کی تیز رفتار ادائیگی ممکن بنائی گئی ہے، تاکہ مالی نظم و ضبط کو مضبوط بنایا جا سکے۔ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی، جبکہ آئل سپلائی چین سے وابستہ تمام متعلقہ فریقین کے مفادات کا بھی تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔