لاہور، جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار ،تجارت اور قبضہ میں ملوث 22 ملزمان گرفتار

محکمہ جنگلات نے مختلف کارروائیوں کے دوران جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار ،تجارت اور قبضہ میں ملوث22 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

لاہور۔18اپریل (اے پی پی):محکمہ جنگلات نے مختلف کارروائیوں کے دوران جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار ،تجارت اور قبضہ میں ملوث22 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق وائلڈ لائف رینجرز لاہور،خانیوال،ملتان، وہاڑی، بھکراور چکوال نے جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار ،تجارت اور قبضہ میں ملوث 22 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے ان سیاڑیال کا بچہ،بندر، نایاب بلیاں، طوطے،تیتر،فاختہ اور تلئیر برآمد کر کے7ملزمان کیخلاف ایف آئی آرز درج کروائیں جبکہ 15ملزمان کو پانچ لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز لاہور نے جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 10کاٹھے اور را طوطے برآمد کر کے انہیں مبلغ 90ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کر کے کیس نمٹا دیا،ایسی ہی چند دیگر کامیاب کارروائیوں کے بعد اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر چکوال مرزا عابد حسین نے ٹیم کے ہمراہ مختلف کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں جنگلی سور،تیتر، بندر اور اڑیال کے غیر قانونی شکار ،کاروبار اور قبضہ میں ملوث7ملزمان کو گرفتار کر کے 5کو سوا دولاکھ روپے جرمانہ عائد کر کے دو کیخلاف ایف آئی آرز درج کروا دی،

ایک ملزم عدالتی جوڈیشل ریمانڈ پر 14روز کے لیے جیل جبکہ دوسرے کیخلاف قانونی کارروائی شروع کی،اڑیال کا بچہ جوہرآباد وائلڈ لائف پارک منتقل کیا گیا۔اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان ریجن محمد حسین گشکوری کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان،وہاڑی اور خانیوال نے مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران جنگلی پرندوں کے غیر قانونیشکار ،تجارت اور قبضہ میں ملوث 11ملزمان گرفتار کرکے انکے قبضہ سے3 نایاب بلیاں،5 جوڑے فنچز اور3جوڑے فاختہ برآمد کرکے ایک ملزم کیخلاف ایف آئی آر جبکہ تین ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور7ملزمان کو مبلغ 1لاکھ، 98ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ایسی ہی ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر بھکر محمد طارق نے تیتر کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ایک ملزم کو گرفتارکرکے اس کےخلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کر ادی ۔