سعودی عرب کی جعلی حج مہموں اور غیر لائسنس یافتہ دفاتر کے خلاف نئی وارننگ جاری

سعودی وزارتِ داخلہ نے جعلی حج مہموں اور اندرونِ ملک حجاج کرام کو خدمات فراہم کرنے والے غیر لائسنس یافتہ دفاتر کے حوالے سے اپنی وارننگ کی تجدید کی ہے۔

ریاض ۔21اپریل (اے پی پی):سعودی وزارتِ داخلہ نے جعلی حج مہموں اور اندرونِ ملک حجاج کرام کو خدمات فراہم کرنے والے غیر لائسنس یافتہ دفاتر کے حوالے سے اپنی وارننگ کی تجدید کی ہے۔العربیہ کے مطابق اسی دوران وزارت داخلہ ان دھوکے بازوں اور جعل سازوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جو حج کی فرضی خدمات کی تشہیر میں ملوث ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ نے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چلنے والے گمراہ کن اشتہارات کے جھانسے میں نہ آئیں اور وزارتِ حج و عمرہ کی ویب سائٹ کے ذریعے اندرونِ ملک حجاج کرام کے لیے لائسنس یافتہ مہمات کے قانونی ہونے کی تصدیق کریں۔

اسی تناظر میں سعودی وزارتِ داخلہ نے حج سیزن کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع دینے پر زور دیا ہے۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور منطقہ شرقیہ میں 911 پر اور مملکت کے باقی حصوں میں 999 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔دوسری جانب سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے تمام حج امور کے دفاتر اور خدمات فراہم کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ حجاج کو اس سال حج کی ادائیگی کے لیے سرکاری پرمٹ حاصل کرنے اور منظور شدہ قانونی راستوں پر چلنے کے بارے میں آگاہ کریں۔