حکومت ملک کی معاشی، سیاسی، دفاعی اور سکیورٹی صورتحال کومستحکم بنانےکیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان
حکومت ملک کی معاشی، سیاسی، دفاعی اور سکیورٹی صورتحال کومستحکم بنانےکیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ملک کی معاشی، سیاسی، دفاعی اور سکیورٹی صورتحال کومستحکم بنانے، اقتصادی حالات میں بہتری لانے اور قومی استحکام کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ داخلی امن و امان کے قیام کے ساتھ پاکستان عالمی سطح پر امن، سلامتی، بین الاقوامی کشیدگی کے خاتمے اور دہشت گردی کے خلاف موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس سندھ میں گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، قومی سلامتی، بین الاقوامی امور، بین الصوبائی ہم آہنگی، جمہوریت کے استحکام اور ترقیاتی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کی معاشی و دفاعی صورتحال کو مضبوط بنانے، قومی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے جو غیرمعمولی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ۔ایران کشیدگی میں کمی، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے اور عالمی تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی موثر سفارت کاری کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، جو نہ صرف ملک بلکہ سیاسی و عسکری قیادت کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی اولین ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا، ان کے معاشی و اقتصادی مسائل کا حل نکالنا اور ایسے عملی اقدامات اٹھانا ہے جن سے عوام کو سہولیات میسر آئیں، ملک میں امن و امان کا قیام یقینی ہو، وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملے اور جمہوری ادارے مزید مستحکم ہوں۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ موجودہ حکومت پسماندہ علاقوں اور ان صوبوں کی ترقی کے لیے خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے جہاں ماضی میں ترقی کے کم مواقع فراہم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کوقومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے نہ صرف موثر پالیسی سازی کی جا رہی ہے بلکہ عملی اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان وزیراعظم کے دل کے قریب ہے اور اس کی ترقی،خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے وہ شب و روز کوشاں ہیں۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی ایوانِ بالا میں صوبہ بلوچستان کی موثر آواز بننے، جمہوریت کے فروغ، عوامی مسائل اجاگر کرنے اور حکومتی امور میں بہتری کے لیے ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جس دانشمندی، وقار اور موثر انداز میں ایوان کی کارروائی چلا رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کی پارلیمانی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں ایوانِ بالا جمہوری روایات کے استحکام اور عوامی مفادات کے تحفظ میں مزید موثر کردار ادا کر رہا ہے۔








