نیب اکیڈمی میں منی لانڈرنگ اور اوپن سورس انٹیلی جنس پر خصوصی تربیت، تفتیشی نظام جدید بنانے پر زور
نیب اکیڈمی میں منی لانڈرنگ اور اوپن سورس انٹیلی جنس پر خصوصی تربیت، تفتیشی نظام جدید بنانے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) کے تحت پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (PACA) نے اسلام آباد میں دو روزہ خصوصی تربیتی کورس منعقد کیا، جس میں منی لانڈرنگ کیسز میں اوپن سورس انٹیلی جنس (OSINT) کے مؤثر استعمال پر افسران کو عملی تربیت دی گئی۔
پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (PACA) نے 28 اور 29 اپریل 2026 کو ’’منی لانڈرنگ اور نیب کیسز میں اوپن سورس انٹیلی جنس (OSINT) کا استعمال‘‘ کے موضوع پر دو روزہ تربیتی کورس کا انعقاد کیا۔ اس کورس کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تفتیشی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور مالیاتی جرائم کے سدباب کے لیے جدید تکنیکوں سے روشناس کرانا تھا۔
تربیت میں نیب افسران، پراسیکیوٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل PACA سید غلام صفدر شاہ نے کہا کہ یہ اقدام چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق تفتیشی عمل کو جدید بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور عالمی نیٹ ورکس کے باعث منی لانڈرنگ اور کرپشن کے کیسز پیچیدہ ہو چکے ہیں، جس کے لیے ڈیٹا پر مبنی تحقیقات ناگزیر ہیں۔تربیتی سیشنز کے دوران ماہرین نے شرکاء کو عملی مشقیں کروائیں۔
سرٹیفائیڈ ماسٹر ٹرینر محمد عاقب نے جدید تفتیشی آلات کے استعمال سے آگاہ کیا، جو نیب قوانین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ یو این او ڈی سی (UNODC) کے پروگرام آفیسر عمیر نذر نے کرائم اینالیٹکس پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے انٹیلی جنس کی بنیاد پر جرائم کی پیشگی نشاندہی کے طریقے بیان کیے۔
اسی طرح ماہر فرحان نوازش نے ڈیجیٹل کرنسی اور بلاک چین کے غلط استعمال پر روشنی ڈالی اور ورچوئل ٹرانزیکشنز کی نگرانی کے جدید طریقہ کار سے آگاہ کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل PACA نے شرکاء کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹولز کا استعمال شفاف اور مؤثر احتساب کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں، جو بدعنوانی کے خاتمے اور مقدمات کے بروقت فیصلوں کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔








