اصلاحاتی پالیسیوں کے مثبت نتائج ،کراچی بندرگاہ پر جنرل کارگو جہازوں کی آمد و رفت میں وسعت آئی ہے،محمد جنید انوار چوہدری

اصلاحاتی پالیسیوں کے مثبت نتائج ،کراچی بندرگاہ پر جنرل کارگو جہازوں کی آمد و رفت میں وسعت آئی ہے،محمد جنید انوار چوہدری

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ اصلاحاتی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے کراچی بندرگاہ پر جنرل کارگو جہازوں کی آمد و رفت میں وسعت آئی ہے۔جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلی بار مکمل ٹرانس شپمنٹ کارگو جہاز “ایم وی ارلن” کی کامیاب برتھنگ عمل میں آئی ہے، جو پاکستان کے بحری شعبے کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت ملک کی بندرگاہی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں کراچی بندرگاہ پر صرف کنٹینرز کی ٹرانس شپمنٹ ہوتی تھی تاہم اب جنرل کارگو جہاز کی آمد سے اس دائرہ کار میں نمایاں وسعت آئی ہے،اس اقدام کے ذریعے جنرل کارگو، بلک، بریک بلک اور گاڑیوں کی ہینڈلنگ ممکن ہو سکے گی، جس سے نئے تجارتی مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر کے مطابق نے جدید ٹرانس شپمنٹ دور میں داخل ہونے کا اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے اور بندرگاہ تیزی سے خطے کے ایک اہم ٹرانس شپمنٹ مرکز میں تبدیل ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت سے عالمی تجارتی راستوں کو جوڑنے میں کراچی پورٹ کا کردار مزید مضبوط ہو گیا ہے جبکہ بحری شعبے میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کے مثبت اثرات بھی واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ محمد جنید انوار چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بندرگاہوں کی ترقی کے ذریعے نہ صرف ملکی معیشت کو مستحکم کرے گی بلکہ خطے کی تجارت کے مستقبل کو بھی روشن بنائے گی۔