ملک کی معیشت کا پہیہ مزدوروں کی محنت اور لگن کی بدولت مسلسل رواں دواں ہے،سینیٹر شیری رحمان
ملک کی معیشت کا پہیہ مزدوروں کی محنت اور لگن کی بدولت مسلسل رواں دواں ہے،سینیٹر شیری رحمان
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ قومی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ملک کی معیشت کا پہیہ مزدوروں کی محنت اور لگن کی بدولت مسلسل رواں دواں ہے۔ جمعہ کو یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے ملک بھر اور دنیا کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی انتھک محنت اور عالمی ترقی میں اہم کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کا پہیہ مزدوروں کی محنت اور لگن کی بدولت مسلسل رواں دواں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے مزدوروں کے حالات بہتر بنانے کے لیے متعدد قانون سازی، پالیسیاں اور عملی اقدامات متعارف کرائے۔انہوں نے ماضی کی کاوشوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے فروری 1972 میں پاکستان کی پہلی جامع لیبر پالیسی متعارف کروائی اور 1973 کے آئین میں مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1976 میں ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد مزدوروں کو سہارا فراہم کیا جا سکے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں مزدوروں کو اداروں کی آمدن میں حصہ بھی دیا گیا، جو معاشی انصاف کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے حالیہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد سندھ حکومت نے 2018 میں صوبائی لیبر پالیسی متعارف کروائی، جس کا مقصد مزدوروں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں ان کے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق کی علمبردار ہے اور ملک میں محنت کشوں کی جدوجہد اور بااختیار بنانے کی بنیاد رکھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مستقبل میں بھی مزدوروں کے وقار، حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے پرعزم رہے گی۔









