پاکستان-سنگاپور تعلقات کے 60 سال مکمل، قوالی کی روح پرور محفل سج گئی
پاکستان-سنگاپور تعلقات کے 60 سال مکمل، قوالی کی روح پرور محفل کا انعقاد
سنگاپور ۔1مئی (اے پی پی):پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور اور ایسپلانیڈ تھیٹر کے اشتراک سے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک شاندار قوالی کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔
“At the Feet of the Beloved” کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب میں سفارتی حلقوں، کاروباری شخصیات، فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔محفل میں معروف قوال رضوان و معظم نے صدیوں پر محیط صوفیانہ قوالی کی روایت کو پیش کرتے ہوئے حاضرین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔
نصرت فتح علی خان کے بھتیجوں کی دلنشین اور روحانی پرفارمنس کو شرکاء نے بے حد سراہا اور بھرپور داد دی۔اس موقع پر ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے اپنے خطاب میں قوالی کو محبت، ہم آہنگی اور روحانیت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فن ثقافتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تقریب کے دوران پاکستان کی جانب سے ثقافتی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ ہائی کمشنر کی جانب سے سفارتکاروں اور معزز مہمانوں کے اعزاز میں ایک استقبالیہ بھی دیا گیا۔یہ تقریب نہ صرف پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کی عکاسی تھی بلکہ سنگاپور کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا واضح اظہار بھی تھی۔









