پاکستان کے روشن مستقبل میں مزدور طبقے کا کردار نہایت اہم اور باعثِ فخر ہے، رانا ثناءاللہ
پاکستان کے روشن مستقبل میں مزدور طبقے کا کردار نہایت اہم اور باعثِ فخر ہے، رانا ثناءاللہ
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):یومِ مزدور کے موقع پر وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ خان نے ملک بھر کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کرنے والے ہاتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی اصل طاقت ہیں، کارخانوں، کھیتوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دینے والے مزدور قابلِ احترام ہیں،
حکومت مزدور طبقے کی فلاح اور بہتر مستقبل کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور اسلامی تعلیمات میں محنت اور رزقِ حلال کو عظیم مقام حاصل ہے، محنت کش طبقہ ہمیشہ قومی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مزدوروں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی ان کے جائز حقوق کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ مزدور ہمیں محنت کشوں کی قربانیوں اور خدمات کو یاد رکھنے کا پیغام دیتا ہے اور پاکستان کے روشن مستقبل میں مزدور طبقے کا کردار نہایت اہم اور باعثِ فخر ہے۔









