آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت مجموعی سکیورٹی صورتحال، حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کی سکیورٹی اقدامات کا جائزہ اجلاس
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت مجموعی سکیورٹی صورتحال، حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کی سکیورٹی اقدامات کا جائزہ اجلاس
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جمعہ کو وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کی سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے ،پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بروقت رسپانس اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کئے تاکہ اسلام آباد کو ایک محفوظ اور پرامن شہر بنانے کے عزم کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔
جمعہ کے روز انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ایس ایس پی سپیشل پروٹیکشن یونٹ محمد ارسلان شاہزیب، ایس ایس پی کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سعود خان سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کی حفاظت کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی نظام کو مزید موثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے پر زور دیا اور انسدادِ دہشتگردی اقدامات کو ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور بین الادارہ جاتی تعاون سے مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو موثر بنایا جائے، مشتبہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور حساس علاقوں میں گشت بڑھایا جائے۔ ایمرجنسی صورتحال میں فوری رسپانس کے لیے کنٹرول روم اور فیلڈ یونٹس کے درمیان رابطہ بہتر کیا جائے، جبکہ سیف سٹی کیمروں اور جدید نگرانی کے نظام سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ اہم تنصیبات، سفارتی مراکز اور عوامی مقامات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ افسران اپنی ذمہ داریاں شفافیت اور دیانتداری سے ادا کریں اور سکیورٹی اقدامات کا باقاعدہ جائزہ لے کر انہیں حالات کے مطابق اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد نے اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی کے ساتھ اجلاس میں لاجسٹکس ڈویژن کے امور اور پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس افسران و جوانوں کو بنیادی سہولیات، جدید سازوسامان اور ٹرانسپورٹ کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ رہائش اور طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور لاجسٹک سپورٹ کو منظم کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔









