فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال جارحیت ،خیبرپختونخوا کی شہری آبادی پربزدلانہ حملوں کا تسلسل جاری
فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال جارحیت ،خیبرپختونخوا کی شہری آبادی پربزدلانہ حملوں کا تسلسل جاری
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):باجوڑ کے علاقے ماموند میں خوارج کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں3افراد زخمی ہوئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کی جانب سے حملہ باجوڑ کے علاقے ماموندکی تحصیل شاہی تنگی میں کرکٹ گراؤنڈ پر کیاگیا۔
فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے میں زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی حالیہ پریس ریلیز کے مطابق مارچ اور اپریل 2026کے دوران افغانستان کی جانب سے باجوڑ کے مختلف سرحدی علاقوں میں بالخصوص ماموند اور سلارزئی میں ماٹر گولے فائر کیے گئے۔افغان طالبان کی باجوڑ میں سول آبادی پر فائرنگ سے 9افراد شہید ہوئے جن میں 3خواتین اور 6معصوم بچے شامل ہیں ۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوار ج نے دانستہ طور پر اس وقت حملہ کیا جب کرکٹ گراؤنڈ میں کھیل جاری تھا ۔
فتنہ الخوارج اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کیلئے کواڈ کاپٹرز کا عام عوام پر استعمال کرتے ہیں جس کے کئی ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج نہتے عوام کو اس لیے نشانہ بنا رہے ہیں کہ وہ سکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنانے کی وجہ سے عوام کے اندر فتنہ الخوارج کے لیے نفرت گہری اور شدید ہوتی جا رہی ہے۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے حملوں کا موثر اور بھرپور جواب دیا جا رہاہے ،سکیورٹی فورسز صرف خوارج اور افغان طالبان کی پوسٹوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتی ہیں۔









