کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنرکا صادقین آرٹ نمائش کا افتتاح
کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنرکا صادقین آرٹ نمائش کا افتتاح
اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے ہفتہ کو مسی ساگا میں صادقین آرٹ نمائش کا افتتاح کیا جس کا مقصد پاکستان کے ممتاز فنکاروں میں سے ایک سید صادقین احمد نقوی (1930-1987) کی لازوال میراث کو اجاگر کرناہے۔ہفتہ کو یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صادقین فاؤنڈیشن کی جانب سے مقامی میزبانوں اور میڈیا پارٹنرز کے تعاون سے منعقد کی گئی یہ نمائش وسیع ثقافتی تناظر کو پیش کرنے کی کوشش ہے جو صادقین کے آرٹ ورک میں نمایاں ہے۔
توقع ہے کہ تین روزہ ایونٹ میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے جن میں فن اور خطاطی کے ماہر، میڈیا کے ارکان، سول سوسائٹی اور آغا خان فاؤنڈیشن اکیڈمی ٹورنٹو اور دیگر اداروں کے طلباشامل ہیں۔ نمائش کے ذریعے شرکا کو اسلامی خطاطی، پینٹنگز، ڈرائنگ، دیواروں اور اردو شاعری کے ذریعے صادقین کے غیر معمولی فنکارانہ اظہار کو سمجھنے کا ایک نادر موقع فراہم کیا گیا ہے جبکہ آرٹ اور ثقافت کے عالمی منظر نامے میں پاکستان کی بے پناہ شراکت کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔









