یوتھ ڈویلپمنٹ انڈ یکس نوجوانوں کے حوالہ سے پالیسی سازی میں سنگ میل ثابت ہو گا، رانا مشہود احمد خاں
یوتھ ڈویلپمنٹ انڈ یکس نوجوانوں کے حوالہ سے پالیسی سازی میں سنگ میل ثابت ہو گا، رانا مشہود احمد خاں
اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وزیراعظم آفس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام(پی ایم وائی پی)،یو این ایف پی اے اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے حکام نے نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی ایم وائی پی رانا مشہود احمد خاں نے کی۔ پی ایم وائی پی کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں یوتھ ڈیولپمنٹ انڈیکس (وائی ڈی آئی ) کے ذریعے نوجوانوں کی پالیسی کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ڈاکٹر لوئے شبانہ نمائندہ یو این ایف پی اے ، کے ساتھ زہرا اور مقدر نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ نعیم الظفر چیف اسٹیٹسٹیشن اور رابعہ اعوان، ڈائریکٹر جنرل پی بی ایس بھی موجود تھیں۔ مزید برآں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے اجلاس مین اپنے ٹیم ممبران کے ہمراہ شر کت کی۔ یوتھ ڈیولپمنٹ انڈیکس ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور شواہد پر مبنی فریم ورک ہے جو 15 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کا جائزہ لیتا ہے۔ چیئرمین پی ایم وائی پی نے کہا کہ YDI 2026 پاکستان کے لیے ایک اہم اور بروقت موقع ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کے لیے ایسی پالیسیاں بنائی جا سکیں گی جو قومی ترجیحات اور بین الاقوامی اہداف سے ہم آہنگ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وائی ڈی آئی کے ذریعے صوبائی اور ضلعی سطح پر ڈیٹا کا تجزیہ ممکن ہوگا، جس سے نوجوانوں کے درمیان پائی جانے والی عدم مساوات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے گا۔
اس سے وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور پسماندہ اور کمزور طبقات تک ترقی کے ثمرات پہنچائے جا سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نظام پالیسیوں کی نگرانی اور کارکردگی کے جائزے کو بھی مزید مؤثر بنائے گا۔چیئرمین نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے تیار کردہ وائی ڈی آئی فریم ورک ملک کے سماجی، معاشی اور سلامتی سے متعلق حقائق کو مدنظر رکھتا ہے۔ اس میں نوجوانوں کی تولیدی صحت، امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی، تنازعات اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے عوامل شامل ہیں، تاکہ نوجوانوں کی ترقی کا ایک مکمل اور حقیقت پر مبنی اندازہ لگایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وائی ڈی آئی ، پائیدار ترقی کے اہداف ( ایس ڈی جیز ) کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے، خاص طور پر تعلیم، صحت، صنفی مساوات، روزگار، عدم مساوات میں کمی اور امن و انصاف سے متعلق اہداف کے ساتھ۔ یہ پاکستان کے عالمی ترقیاتی وعدوں کو مزید مضبوط کرتا ہے۔چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا تقریباً دو تہائی حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ اس تناظر میں وائی ڈی آئی صرف ایک پیمائشی نظام نہیں بلکہ ایک اسٹریٹجک پالیسی ٹول ہے جو طویل المدتی اصلاحات، ادارہ جاتی مضبوطی اور نوجوانوں کی جامع ترقی میں مدد دے گا۔
آخر میں چیئرمین نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نوجوانوں کی ترقی کے لیے ڈیٹا پر مبنی اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے یو این ایف پی اے اور پی بی ایس کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ پاکستان میں یوتھ ڈیولپمنٹ انڈیکس کو کامیابی سے نافذ کیا جا سکے اور نوجوانوں کے لیے زیادہ مؤثر اور جامع پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔









