وزیراعظم شہبازشریف کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد،نیک تمنائوں کا اظہار

وزیراعظم شہبازشریف کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد،نیک تمنائوں کا اظہار

لاہور۔2مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر میڈیا جمہوری معاشرے کا بنیادی ستون ہے،حکومت آزادی صحافت کے فروغ اور میڈیا کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کے نام تہنیتی پیغام میں کیا ۔

وزیر اعظم نے سی پی این ای کے نومنتخب صدر کاظم خان، سیکرٹری جنرل غلام نبی چانڈیو، سینئر نائب صدر ایاز خان، نائب صدور شکیل احمد ترابی اور انور ساجدی، سیکرٹری اطلاعات منزہ سہام سمیت دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر میڈیا جمہوری معاشرے کا بنیادی ستون ہے،امید ہے کہ سی پی این ای کی نئی قیادت صحافتی اقدار کے فروغ، حقائق پر مبنی رپورٹنگ اور قومی مفاد کے تحفظ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت کے فروغ اور میڈیا کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔