”ہم سے مت الجھو“ ریڈیو پاکستان کا ولولہ انگیز نغمہ جاری، معرکۂ حق کی بازگشت گونج اُٹھی
”ہم سے مت الجھو“ ریڈیو پاکستان کا ولولہ انگیز نغمہ جاری، معرکۂ حق کی بازگشت گونج اُٹھی
راولپنڈی۔3مئی (اے پی پی):ریڈیو پاکستان راولپنڈی نے معرکۂ حق کے تناظر میں ایک ولولہ انگیز ملی نغمہ ”ہم سے مت الجھو“ جاری کر دیا ہے، جو اپنے پُرجوش انداز، مؤثر پیغام اور دِلوں کو گرما دینے والی دھن کے باعث سامعین میں حب الوطنی کا نیا ولولہ پیدا کر رہا ہے۔ یہ نغمہ قومی یکجہتی، جرأت اور قربانی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے اور دشمن کو ایک واضح، دوٹوک پیغام دیتا ہے۔
گلوکار وقاص علی کی پُراثر اور ولولہ انگیز آواز میں پیش کیے گئے اس نغمے کے بول درِ شہوار توصیف نے تحریر کیے ہیں، جن میں وطنِ عزیز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ نغمہ نہ صرف قومی غیرت کی ترجمانی کرتا ہے بلکہ پاکستان کے امن پسند اور اصولی مؤقف کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کرتا ہے۔
نغمے کی موسیقی اور دھن بھی وقاص علی نے خود ترتیب دی ہے، جو اس کے اثر کو مزید گہرا بناتی ہے۔ ویڈیو پروڈکشن میں محمد حسنین نے ایڈیٹنگ کے فرائض انجام دیے، جبکہ ڈی او پی ڈی جے عادل خان ہیں۔ اس پروجیکٹ کے پروڈیوسر طاہر محمود ہیں۔یہ نغمہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ اور ڈائریکٹر پروگرام مسرت شاہ رخ کی خصوصی ہدایات کے تحت ریڈیو پاکستان راولپنڈی کی جانب سے تیار کیا گیا ہے، جو قومی جذبے کو اُجاگر کرنے کی ایک مؤثر کاوش قرار دی جا رہی ہے۔









