چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں سے پاکستان اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم کی ملاقات

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں سے پاکستان اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم کی ملاقات

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) رانا مشہود احمد خاں نے وزیراعظم آفس میں پاکستان اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام، مسلم ہینڈز کے نمائندگان اور پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے اراکین نے شرکت کی جبکہ اجلاس کی صدارت رانا مشہود احمد خان نے کی۔یوتھ افیئرز ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے اراکین میں عبداللہ، مبشر شاہ، محمد حماد، ندیم حسین، محمد مصطفیٰ ،محمد عیسیٰ ،شاہد انجم، محمد کاشف ،محمد بلال اور محمد ابراہیم شامل تھے۔

ملاقات کے دوران مسلم ہینڈز نے اپنے مشن پر روشنی ڈالی جس کا مقصد اسٹریٹ بچوں کو تعلیم، خواب، کھیل اور شناخت کے حقوق فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ٹیم کے شفاف انتخابی عمل کے بارے میں بھی بتایا، جس میں آؤٹ ریچ، ٹرائلز اور اسکریننگ شامل تھے، اور جس میں فٹبال مہارت کے ساتھ ساتھ ذاتی نشوونما کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

بعد ازاں ٹیم کے کھلاڑیوں نے فرداً فرداً اپنا تعارف کروایا اور اپنی زندگی کے سفر اور مستقبل کے خوابوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اپنے خطاب میں رانا مشہود احمد خان نے مسلم ہینڈز کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ پسماندہ طبقات میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے آنے والے ٹورنامنٹ کے لیے منتخب کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور یقین ظاہر کیا کہ وہ محنت اور لگن سے کھیلیں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ان کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی اور ان کے بین الاقوامی دورے کے بعد انہیں پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ان کی پیشہ ورانہ ترقی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ میکسیکو میں ہونے والے ایونٹ کے دوران پاکستان کی مثبت تصویر پیش کریں۔اس موقع پر مسلم ہینڈز کے نمائندے سید ضیاء النور نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور رانا مشہود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسٹریٹ بچوں کے لیے مواقع پیدا کرنے میں باہمی تعاون نہایت اہم ہے۔

یہ ملاقات اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کھیل نوجوانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں، اور پاکستان ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں