عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ریلی کا انعقاد

عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ریلی کا انعقاد

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی اپیل پر عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پرراولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ریلی نکالی گئی جس میں جڑواں شہروں کے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ ،آر آئی یو جے کے صدر آصف بشیر چوہدری ،سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی ،پارلیمنٹرین کمیشن فار ہیومن رائیٹس کے چیف ایگزیکٹو افیسر چوہدری شفیق ،جنرل سیکرٹری آر آئی یو جے راجہ بشیر عثمانی ،سیکرٹری فنانس نیشنل پریس کلب عابد عباسی ،آر آئی یو جے کے فنانس سیکرٹری اظہار خان نیازی ،سابق صدور آر آئی یو جے طارق ورک ،علی رضا علوی ،عامر سجاد سید آر آئی یو جے کے فنانس سیکرٹری اظہار خان نیازی ،سابق سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی ،جوائنٹ سیکرٹری نیشنل پریس کلب شکیلا جلیل نے ریلی سے خطاب کیا۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادیِ صحافت کا یہ دن دنیا بھر میں ہر سال 3 مئی کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد صحافت کی اہمیت، آزادیٔ اظہار اور صحافیوں کے حقوق کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کی بنیاد 1993 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلان پر رکھی گئی، جس میں آزاد اور خودمختار صحافت کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ اس کا بنیادی مقصد اظہارِ رائے کی آزادی کو فروغ دینا، صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور میڈیا پر دباؤ و سنسرشپ کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔

افضل بٹ نے کہا کہ صحافت معاشرے میں شفافیت اور سچائی کو فروغ دیتی ہے، اداروں کااحتساب ممکن بناتی ہے ،اس لیے عالمی سطح پر سیمینارز، کانفرنسز، ورکشاپس اور آگاہی مہمات کے ذریعے میڈیا کی آزادی کو اجاگر کیا جاتا ہے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ذمہ دارانہ صحافت کی حمایت کریں، درست معلومات کو فروغ دیں اور آزادیٔ اظہار کا احترام کریں۔ صحافت جمہوریت کا بنیادی ستون ہے اور اس کے بغیر شفاف اور جوابدہ نظام ممکن نہیں۔

آر آئی یو جے کے صدر آصف بشیر چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد اور اتفاق کی اشد ضرورت ہے، آزادیِ صحافت کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی نے کہا کہ میڈیا پر پابندیاں جمہوری اقدار کے منافی ہیں اور ایک آزاد میڈیا ہی معاشرے کی درست سمت کا تعین کرتا ہے۔چوہدری شفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور پیشہ ورانہ تحفظ کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔