مشترکہ کاوشوں سے دیرپا تبدیلی ممکن ہے، مصباح کھر
مشترکہ کاوشوں سے دیرپا تبدیلی ممکن ہے، مصباح کھر
اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور آئی ایس سی میں سفیر مصباح کھر نے کہا ہے کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے معاشرے میں بامعنی اور دیرپا تبدیلی لانا ممکن ہے۔ وہ اسلام آباد فارن ویمن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ ورلڈ چیریٹی ایونٹ 2026 کا مزہ چکھو سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہی تھیں، جس کا انعقاد سفارتی مشنز، شراکت دار اداروں اور اسلام آباد سیرینا ہوٹل کے تعاون سے کیا گیا۔تقریب میں سفارتی برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف سفارت خانوں و ہائی کمیشنز کے ارکان نے شرکت کی۔ مصباح کھر نے اس موقع پر IFWA اور اس کی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک “قابلِ ستائش اور باوقار اقدام” قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ خوراک سفارتکاری کی وہ زبان ہے جسے کسی ترجمے کی ضرورت نہیں ہوتی اور اس طرح کی تقریبات مختلف ثقافتوں، ذائقوں اور برادریوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے انسانی فلاح کے لیے مثبت کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ محض ثقافتی تبادلے تک محدود نہیں بلکہ اجتماعی خیر سگالی کو فروغ دینے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی سرگرمیاں صرف سخاوت کا مظہر نہیں بلکہ ضرورت مند طبقات، بالخصوص خواتین، بچوں اور محروم افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی ہیں۔
مصباح کھر نے 1995 سے اسلام آباد فارن ویمن ایسوسی ایشن کی مسلسل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ سماجی مسائل کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے،وسائل کو متحرک کرنے اور پاکستان و عالمی برادری کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نےحکومتِ پاکستان کے سماجی بہبود کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو اجاگر کیا جس کے ذریعے لاکھوں مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے حکومتی اقدامات کو “Taste the World” جیسے ایونٹس مزید تقویت دیتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے IFWA اور اس کے شراکت داروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام آئندہ بھی ضرورت مند افراد کے لیے امید، مواقع اور وقار کا ذریعہ بنتا رہے گا۔واضح رہے کہ “Taste the World Charity Event” IFWA کا ایک نمایاں سالانہ پروگرام ہےجس کا مقصد عالمی ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں خواتین کی بااختیاری، تعلیم اور سماجی بہبود کے منصوبوں کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے۔









