گزشتہ ماہ 6 لاکھ 18 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے،ترجمان ٹریفک پولیس

گزشتہ ماہ 6 لاکھ 18 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے،ترجمان ٹریفک پولیس

لاہور۔4مئی (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریف کپولیس پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ 6 لاکھ 18 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ 2 لاکھ 9 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیے جبکہ 2 لاکھ 2 ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔اسی طرح 2 لاکھ 3 ہزار شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی جبکہ 1600 سے زائد شہریوں نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔

ترجمان کے مطابق ایک ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے جبکہ 1 لاکھ 26 ہزار سے زائد شہری آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہوئے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ ڈرائیورز کی تعداد میں اضافے سے پنجاب میں ٹریفک حادثات میں کمی آئی ہے جبکہ ٹریفک پولیس شہریوں میں لائسنس کی اہمیت سے متعلق شعور اجاگر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے فوری بعد ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاون لوڈ کریں، جس کی قانونی حیثیت کارڈ لائسنس کے برابر ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔