وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے منگل کو اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس میں صوبہ بلوچستان کی ترقی، پیش رفت اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا
وزیراعلیٰ بلوچستان کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے منگل کو اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس میں صوبہ بلوچستان کی ترقی، پیش رفت اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے بلوچستان میں سماجی و معاشی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری، تعلیم، صحت اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ وفاق تمام صوبوں کی مساوی ترقی کے لیے پرعزم ہے، بالخصوص بلوچستان کو درپیش مخصوص چیلنجز کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایوانِ بالا کے اس کردار کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ وفاقی اکائیوں کی مضبوط آواز ہے
اور انہوں نے بلوچستان میں صوبائی خودمختاری کے فروغ، بہتر طرز حکمرانی اور جامع ترقی کے لیے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی قومی یکجہتی اور دیرپا استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وفاقی سطح پر بلوچستان کے لیے چیئرمین سینیٹ کی مسلسل حمایت اور موثر آواز اٹھانے کو سراہا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی اور وفاقی اداروں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کے ذریعے ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سینیٹر آغا شا ہ زیب درانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے بالخصوص بلوچستان کے عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون سازی اور پالیسی سازی سے متعلق امور پر اپنی آراء پیش کی۔







