مارگلہ روڈ اسلام آباد کو موٹروے تک براہ راست لنک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز
مارگلہ روڈ اسلام آباد کو موٹروے تک براہ راست لنک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):مارگلہ روڈ اسلام آباد کو موٹروے تک براہ راست لنک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیاہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ کو موٹروے تک توسیع کے میگا منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر ان کو میگا پراجیکٹ کے بارے بریفنگ دی گئی۔ منگل کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق 2.7 کلومیٹر طویل پراجیکٹ کے دونوں اطراف تین رویہ سڑک اور دو رویہ سروس روڈ تعمیر ہو گی۔جی ٹی روڈ پر انٹرچینج، دو انڈر پاس اور ایک پل بھی بنے گا۔
وزیر داخلہ نے منصوبے میں شامل جی ٹی روڈ پر سنگجانی انٹرچینج کو 31 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد اور موٹروے کے درمیان ایک متبادل، تیز اور آسان راستہ فراہم کرے گا۔ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی اور سفر کا دورانیہ کم ہوگا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہر منصوبے میں معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔شہریوں کو بہتر اور تیز ترین سفری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کو دسمبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔اس منصوبے کے 2.5 کلومیٹر طویل دوسرے حصے پر کام پنجاب حکومت کی جانب سے مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔







