معرکہ حق میں پاکستان نے ایک بڑے حریف بھارت کے مقابلے میں اپنی برتری ثابت کی ،محمد حنیف عباسی

وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے Roots International Schools کے سالانہ پیرنٹس ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے معرکہ حق کے تناظر میں پاکستان کی کامیابیوں، قومی یکجہتی، دفاعی خودمختاری اور موثر سفارتکاری کو اجاگر کیا

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے Roots International Schools کے سالانہ پیرنٹس ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے معرکہ حق کے تناظر میں پاکستان کی کامیابیوں، قومی یکجہتی، دفاعی خودمختاری اور موثر سفارتکاری کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے ایک بڑے حریف بھارت کے مقابلے میں اپنی برتری ثابت کی اور مؤثر اور بروقت جواب دے کر عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ایٹمی صلاحیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور معرکہ حق کے دوران پوری قوم یکجان ہو کر اپنے دفاع کے موقف پر ڈٹی رہی جو اس کامیابی کی بنیادی وجہ بنی۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ خارجہ اور سفارتی پالیسیوں کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی جبکہ مشرقِ وسطیٰ، یورپ، امریکہ، چین اور روس سمیت مختلف خطوں میں پاکستان کی اہمیت اور کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی قیادت کے بروقت اور موثر فیصلوں نے نہ صرف دفاع کو مضبوط بنایا بلکہ معرکہ حق میں دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر پاکستان کا نام روشن کیا۔وفاقی وزیرِ ریلوے نے مزید کہا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معرکہ حق کے دوران خطے میں کشیدگی کو بڑھنے نہیں دیا اور بھائی کو بھائی سے لڑنے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بہترین ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کیا اور ممکنہ بڑے تنازعات کے خطرات کو کم کرنے میں مدد دی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی متوازن اور فعال خارجہ پالیسی نے دنیا میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ قومی اتحاد، مضبوط قیادت اور واضح پالیسیوں نے پاکستان کو ایک باوقار اور مضبوط ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔

 

مزید خبریں