ایران کے ساتھ تاریخی تعلقات نہایت اہم ، باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں،محمد حنیف عباسی
ایران کے ساتھ تاریخی تعلقات نہایت اہم ، باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں،محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
جمعرات کو وزارت ریلوے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کے دوران کیا جس میں دوطرفہ تعلقات، ریلوے تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے روابط کو مزید فعال بنانے کے امور زیرِ غور آئے خصوصاً تفتان ۔زاہدان ریلوے روٹ اور اسلام آباد۔تہران۔استنبول ( آئی ٹی آئی)فریٹ ٹرین منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ علاقائی تجارت اور روابط کے فروغ کے لیے ریلوے تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔دونوں رہنمائوں نے کوئٹہ۔تفتان ریلوے سیکشن کی مرمت اور بحالی سے متعلق جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا ۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ریلوے آپریشنز کے تسلسل اور مؤثر فعالیت کے لیے سکیورٹی اقدامات اور انفراسٹرکچر کی بہتری ناگزیر ہے۔ملاقات میں خطے بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بارے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستان نے ایک مرتبہ پھر امن، مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستانی مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔فریقین نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری کوششوں کو مؤثر قرار دیا۔ وفاقی وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مکالمے، باہمی احترام اور پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔








