معرکہ حق کو ایک سال مکمل، شہریوں کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین
معرکہ حق کو ایک سال مکمل، شہریوں کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
لاہور۔7مئی (اے پی پی):بھارت کے خلاف معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر شہریوں نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر نہ صرف ملک کا دفاع یقینی بنایا بلکہ پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔اس سلسلہ میں گجومتہ ماربل مارکیٹ میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی وطنِ عزیز کو کسی خطرے کا سامنا ہوگا پوری قوم متحد ہوکر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے جدید رافیل طیاروں کو گرا کر ثابت کردیا کہ پاکستانی افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں دشمن پر برتری رکھتی ہے۔
ماربل شوروم کے مالک روخان زیب نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مدبرانہ فیصلے کرکے نہ صرف دشمن کو شکست دی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں بھی اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کو جو عزت اور مقام حاصل ہوا ہے اس میں معرکہ حق میں افواجِ پاکستان کی جرات، بہادری اور قربانیوں کا اہم کردار ہے۔ فیکٹری مالک راحت نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کی لیکن ہماری افواج نے ہر بار اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔اختر علی نے کہا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ نے ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔








