وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام کامقصد ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص، موثر نگرانی اور علاج کی فراہمی یقینی بنانا ہے، سید مصطفیٰ کمال
وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام کامقصد ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص، موثر نگرانی اور علاج کی فراہمی یقینی بنانا ہے، سید مصطفیٰ کمال

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام ایک قومی فلیگ شپ اقدام ہے جس کا مقصد ملک بھر میں ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص، موثر نگرانی اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔وزارت قومی صحت اور نادرا کے درمیان وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب نادرا ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال اور نادرا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے تحت نادرا وزارت صحت کے ساتھ مل کر پروگرام کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم تیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے مریضوں کی رجسٹریشن، تصدیق، ٹریکنگ اور ریئل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام ایک قومی فلیگ شپ اقدام ہے جس کا مقصد ملک بھر میں ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص، موثر نگرانی اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں ہیپاٹائٹس سی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور ملک میں اس مرض کے مریضوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2030ء تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص ناگزیر ہے اور وزارت صحت اس کے خاتمے کے لیے عملی اور موثر اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت بروقت سکریننگ، تشخیص اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی پروگرام کا ابتدائی آغاز آئندہ ہفتے اسلام آباد میں کیا جائے گا۔








