کوکا کولا پاکستان نے اپ سکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے لیے 5,000 مقامی پودے عطیہ کر دیئے

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):ماحولیاتی تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتے ہوئے کوکا کولا پاکستان نے وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے زیر اہتمام اپ سکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے لیے 5,000 مقامی پودے عطیہ کر دیئے۔ یہ درخت اسلام آباد کے ایف سکس تھری پارک میں سپرد کیے گئے جو شہری علاقوں میں سبزہ بڑھانے، ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور حکومت پاکستان کے موسمیاتی استحکام کے …

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):ماحولیاتی تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتے ہوئے کوکا کولا پاکستان نے وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے زیر اہتمام اپ سکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے لیے 5,000 مقامی پودے عطیہ کر دیئے۔ یہ درخت اسلام آباد کے ایف سکس تھری پارک میں سپرد کیے گئے جو شہری علاقوں میں سبزہ بڑھانے، ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور حکومت پاکستان کے موسمیاتی استحکام کے وژن کے تحت قومی ماحولیاتی اہداف کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔شجرکاری مہم کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی ،جس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، کوکا کولا ایچی چک (سی سی آئی) کے جنرل منیجر سونائے سانلی اور کوکا کولا پاکستان کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل ہاشمی نے شرکت کی۔

یہ سرگرمی پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے)اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کے تعاون سے منعقد کی گئی جبکہ شہریوں خصوصاً نوجوان رضاکار طلبہ و طالبات نے بھی بھرپور حصہ لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے مسلسل شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ درخت گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں کمی اور ماحول کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر شجرکاری مہمات ابھی جاری رہیں گی جن میں صرف درخت لگانے ہی نہیں بلکہ ان کے تحفظ اور طویل المدتی بقاء پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کوکا کولا کے تعاون کو سراہتے ہوئے دیگر کارپوریٹ اداروں کو بھی موسمیاتی لحاظ سے مضبوط پاکستان کے مشترکہ وژن میں عملی کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔کوکا کولا پاکستان کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل ہاشمی نے کہاکہ اس نوعیت کی شجرکاری مہمات اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ باہمی تعاون کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری کے لیے موثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

کوکا کولا پاکستان ان عملی اقدامات کی حمایت کے لیے پرعزم ہے جو ماحولیاتی نظام کو مضبوط بناتے اور طویل المدتی موسمیاتی استحکام میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔اسلام آباد کا ایف سکس تھری پارک وہی مقام ہے جہاں سی ڈی اے اور کوکا کولا کے اشتراک اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کی معاونت سے اسلام آباد کی پہلی پلاسٹک روڈ تعمیر کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ کوکا کولا اسلام آباد کے مختلف پارکس میں ری سائیکل شدہ پلاسٹک سے تیار کردہ بینچز اور ویسٹ بنز بھی نصب کر چکا ہے اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی چلا چکا ہے۔یہ شجرکاری مہم پاکستان میں کوکا کولا سسٹم کی وسیع تر ماحولیاتی کاوشوں کا حصہ ہے جن میں پانی کے تحفظ، ویسٹ مینجمنٹ سسٹمز کی معاونت اور اہم عوامی مقامات پر شجرکاری منصوبوں میں تعاون شامل ہے۔

گزشتہ ماہ بھی کوکا کولا پاکستان نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے اشتراک سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شجرکاری مہم کا آغاز کیا تھا جہاں 2,000 مقامی اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ درخت لگائے گئے، اب تک کوکا کولا سسٹم پاکستان بھر میں 250,000 سے زائد درخت فراہم کر چکا ہے۔ کوکا کولا پاکستان پائیدار عوامی مقامات کے فروغ اور ایک زیادہ محفوظ، ماحول دوست اور مستحکم مستقبل کے لیے شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔