بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی حراست و سہولیات سے متعلق تمام معاملات عدالتی احکامات اور جیل قوانین کے مطابق نمٹائے جا رہے ہیں، رانا ثناء اللہ
بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی حراست و سہولیات سے متعلق تمام معاملات عدالتی احکامات اور جیل قوانین کے مطابق نمٹائے جا رہے ہیں، رانا ثناء اللہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خان نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں اور ان کی حراست و سہولیات سے متعلق تمام معاملات عدالتی احکامات اور جیل قوانین کے مطابق نمٹائے جا رہے ہیں۔جمعرات کو سینیٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر علی ظفر کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عدالتوں سے سزا یافتہ ہیں اور اس وقت جوڈیشل کسٹڈی میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ حراست میں دی جانے والی سہولیات اور رہائشی حالات کا معاملہ پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سمیت اعلیٰ عدلیہ میں زیر بحث آ چکا ہے۔رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ سینئر وکیل سلمان صفدر کو عدالتی معاون مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے جیل کا دورہ کرنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور رہائشی حالات سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر کی رپورٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ سے مطابقت رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی بھی جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں اور اگر انہیں صحت سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو ان کے علاج معالجے کی ذمہ داری جیل حکام اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔رانا ثناء اللہ کے مطابق ضرورت پڑنے پر بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور انہیں طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ان کی صحت کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن جوڈیشل کسٹڈی سے متعلق مزید سہولیات یا انتظامات چاہتی ہے تو اس کے لئے مناسب فورم عدالت ہے جو ضروری احکامات جاری کر سکتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ سینیٹر علی ظفر اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کر سکتے ہیں اور حراستی حالات سے متعلق تمام رپورٹس اور تفصیلات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔








