مرسی کور پاکستان کے تعاون سے گرین سٹار مارکیٹنگ (جی ایس ایم) اور دریچہ ہیلتھ سوسائٹی نے راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون ڈی بلاک میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی (خواجہ سرا) کے لیے ایک مفت چیسٹ سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس اقدام کا مقصد ایک ایسی محروم اور نظر انداز کمیونٹی کو ایچ آئی وی اور ٹی بی سکریننگ اور بنیادی صحت سہولیات تک رسائی فراہم کرنا تھا جو اکثر …
راولپنڈی میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے مفت چیسٹ سکریننگ کیمپ کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):مرسی کور پاکستان کے تعاون سے گرین سٹار مارکیٹنگ (جی ایس ایم) اور دریچہ ہیلتھ سوسائٹی نے راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون ڈی بلاک میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی (خواجہ سرا) کے لیے ایک مفت چیسٹ سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس اقدام کا مقصد ایک ایسی محروم اور نظر انداز کمیونٹی کو ایچ آئی وی اور ٹی بی سکریننگ اور بنیادی صحت سہولیات تک رسائی فراہم کرنا تھا جو اکثر معیاری طبی سہولیات سے محروم رہتی ہے۔مرسی کور کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کیمپ کے دوران مریضوں کو ابتدائی سکریننگ، تشخیص اور علاج سے متعلق خدمات فراہم کی گئیں تاکہ ٹی بی اور ایچ آئی وی جیسے موذی امراض کی بروقت نشاندہی اور موثر علاج کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سرگرمی کے تحت مجموعی طور پر 85 افراد کا او پی ڈی معائنہ کیا گیا جبکہ 83 افراد کے چیسٹ ایکسرے کیے گئے۔

اس دوران ایک ممکنہ ٹی بی مریض کی نشاندہی ہوئی، ایک ایکسپرٹ ٹیسٹ کیا گیا جبکہ ایک مریض کو مزید علاج اور فالو اپ کے لیے رجسٹر بھی کیا گیا۔مرسی کور، گرین سٹار مارکیٹنگ اور دریچہ ہیلتھ سوسائٹی مستقبل میں بھی ایسے کیمپس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں تاکہ صحت کی سہولیات سے محروم اور کمزور طبقات تک بروقت طبی خدمات پہنچائی جا سکیں۔مرسی کور پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عارف جبار خان، ڈائریکٹر پروگرامز ڈاکٹر عدیل طاہر، ہیومن ریسورسز منیجر عمر حیات، مانیٹرنگ مینجر فاخرہ ظفر، آپریشنز مینجر صائمہ فیروز اور منیجر ڈیٹا سید نادر شاہ نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کمیونٹی ممبران اور طبی عملے سے ملاقات کی اور شراکت دار اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرسی کور پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عارف جبار خان نے کہاکہ مرسی کور اپنے شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر پاکستان سے ٹی بی کے خاتمے کے لیے موثر اور جامع اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایسے سکریننگ کیمپس نہ صرف بروقت تشخیص میں مدد دیتے ہیں بلکہ ان طبقات تک صحت سہولیات پہنچانے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں جو طویل عرصے سے طبی خدمات سے محروم ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ ہر فرد کو بلا امتیاز معیاری صحت سہولیات تک رسائی فراہم کی جائے۔اس موقع پر دریچہ ہیلتھ سوسائٹی کے نمائندوں نے مرسی کور، جی ایس ایم اور دیگر شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور صحت عامہ کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔








