مضبوط اور پائیدار صحت کے نظام کی تشکیل کےلئے ہمدردی، رضاکارانہ جذبے اور خدمتِ خلق بھی درکار ہے ، صدر مملکت کا عالمی یومِ ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ پر پیغام
مضبوط اور پائیدار صحت کے نظام کی تشکیل کےلئے ہمدردی، رضاکارانہ جذبے اور خدمتِ خلق بھی درکار ہے ، صدر مملکت کا عالمی یومِ ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی آفات، وبائی امراض اور صحتِ عامہ کے ہنگامی حالات جیسے بدلتے ہوئے چیلنجز کے پیشِ نظر حکومتی اداروں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور مقامی برادریوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط اور پائیدار صحت کے نظام کی تشکیل کےلئے صرف بنیادی ڈھانچے اور وسائل ہی نہیں بلکہ ہمدردی، رضاکارانہ جذبے اور خدمتِ خلق کی روح بھی درکار ہے جو ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ تحریک کی بنیادی اقدار ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ (ہلال احمر) تحریک کے مخلص رضاکاروں، عملے اور شراکت داروں، بالخصوص پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی جو قائدِاعظم محمد علی جناح کے جاری کردہ پاکستان ریڈ کراس آرڈر 1947 کے تحت قائم کی گئی کو انسانیت کی خدمت کےلئے ان کی غیر متزلزل وابستگی پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس امر کو تسلیم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے ادارے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، ہنگامی حالات میں مؤثر ردِعمل دینے اور کمزور و محروم طبقات تک رسائی حاصل کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ قومی صحت، ضابطہ و رابطہ کے وژن کے مطابق پاکستان یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کی جانب پیشرفت جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ بنیادی صحت کی سہولیات ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی اور منصفانہ بنائی جاسکیں۔ صدر نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ تحریک ملک بھر میں صحتِ عامہ کے مختلف اقدامات میں ایک اہم شراکت دار رہی ہے جن میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، کمیونٹی کی سطح پر صحت کی خدمات، ماں اور بچے کی صحت سے متعلق سہولیات اور صحت سے آگاہی کی مہمات شامل ہیں، ان کی خدمات، پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں صحت کے بہتر نظام کے لئے کی گئی قومی کوششوں کا حصہ ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی آفات، وبائی امراض اور صحتِ عامہ کے ہنگامی حالات جیسے بدلتے ہوئے چیلنجز کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ حکومتی اداروں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور مقامی برادریوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اور پائیدار صحت کے نظام کی تشکیل کے لئے صرف بنیادی ڈھانچے اور وسائل ہی نہیں بلکہ ہمدردی، رضاکارانہ جذبے اور خدمتِ خلق کی روح بھی درکار ہے، جو ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ تحریک کی بنیادی اقدار ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومتِ پاکستان انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کو مزید موثر بنانے کےلئے پرعزم ہے تاکہ بروقت اور موثر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مربوط حکمتِ عملیوں اور شواہد پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے تمام شہریوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کےلئے کوشاں ہیں تاکہ کوئی بھی فرد محروم نہ رہ جائے۔ صدر نے تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ وہ انسانیت، یکجہتی اور خدمت کے عزم کی تجدید کریں اور ہم سب مل کر ایک صحت مند، محفوظ اور باوقار پاکستان کی تعمیر کےلئے کام کریں۔








