سنگاپور سے 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی وطن واپسی میں سہولت کےلئے حمایت کی درخواست کی ہے، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار

سنگاپور سے 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی وطن واپسی میں سہولت کےلئے حمایت کی درخواست کی ہے، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن سے ٹیلیفون پر گفتگو میں امریکا کی جانب سے ضبط کئے گئے جہازوں پر سوار 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی فلاح و بہبود اور وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کےلئے سنگاپور کی حمایت کی درخواست کی جو اس وقت سنگاپور کی سمندری حدود کے قریب موجود ہیں۔

جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی بات کی ہے اور اس معاملے پر قریبی رابطہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے شہریوں کی پاکستان کے راستے ایران تک محفوظ واپسی میں بھی تعاون کےلئے تیار ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم سنگاپور کی جانب سے تعاون فراہم کرنے اور حمایت کو سراہتے ہیں۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان وزارت خارجہ اور متعلقہ اداروں کے ذریعے امریکی حکام اور دیگر فریقین کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ ہمارے شہریوں کی حفاظت، فلاح و بہبود اور جلد از جلد واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔