ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن کا تھیم انسان دوستی، ہمدردی اور یکجہتی کا موثر پیغام ہے، سید یوسف رضا گیلانی

ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن کا تھیم انسان دوستی، ہمدردی اور یکجہتی کا موثر پیغام ہے، سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن کے موقع پر اس سال کے عالمی تھیم’’انسانیت کے لیے متحد‘‘ کو انسان دوستی، ہمدردی اور عالمی یکجہتی کا موثر پیغام قرار دیا ہے۔

اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس وقت دنیا کو جنگوں، قدرتی آفات، انسانی بحرانوں اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے حالات میں انسانیت کے لیے متحد ہو کر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کا عالمی دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت، جانوں کا تحفظ اور ضرورت مند افراد کی مدد مشترکہ انسانی ذمہ داری ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی خدمت انجام دینے والے رضاکار، طبی کارکن اور امدادی ادارے انسانیت کی حقیقی امید ہیں جو مشکل ترین حالات میں بھی خدمت، قربانی اور ایثار کی روشن مثالیں قائم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسان دوستی، باہمی احترام اور عالمی تعاون کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے اور انسانی فلاح کے لیے ہر مثبت کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ، امن، رواداری اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں تاکہ دنیا کو زیادہ محفوظ اور انسان دوست بنایا جا سکے ۔