وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں معرکہ حق 2025 کی پہلی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کو عسکری، سفارتی اور بیانیے کے محاذ پر ایک مضبوط اور باوقار قوت کے طور پر دنیا کے سامنے منوایا جبکہ معرکہ حق میں کامیابی سچائی، قومی اتحاد اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ …
معرکہ حق نے پاکستان کو عسکری اور سفارتی محاذ پر ایک مضبوط اور باوقار قوت کے طور پر دنیا کے سامنے منوایا، بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 08 مئی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں معرکہ حق 2025 کی پہلی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کو عسکری، سفارتی اور بیانیے کے محاذ پر ایک مضبوط اور باوقار قوت کے طور پر دنیا کے سامنے منوایا جبکہ معرکہ حق میں کامیابی سچائی، قومی اتحاد اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت اور منظم پروپیگنڈے کا نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی اور اطلاعاتی محاذ پر بھی بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے تاہم حقیقت میں معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا جو پاکستان کی خودمختاری پر کھلا حملہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کے تحت دشمن کے فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار لیکن مضبوط دفاعی قوت ہے۔ اس معرکے میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور وزیر اعظم شہباز شریف کی حکمت عملی نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ معرکہ حق صرف جنگی کامیابی نہیں بلکہ سچائی کی فتح بھی ہے،پاکستان نے جھوٹ اور منظم پروپیگنڈے کے مقابلے میں سچ کا ساتھ دیا اور یہی اس کامیابی کی بنیادی وجہ بنی۔ عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص ایک سنجیدہ، باوقار اور با اثر ریاست کے طور پر مزید مستحکم ہوا ہے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ اس موقع پر پوری قوم مذہبی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، جس سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوئے، بری، بحری اور فضائی افواج نے عوام کے تعاون سے دشمن کو ایسا جواب دیا جو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر اور مشعلِ راہ ہیں جبکہ غازی ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ سچ، امن اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔اس موقع پر صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت، چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ حمید گل اور گروپ لیڈر آر سی سی آئی سہیل الطاف سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔








